15 نومبر 2026 - 11:44
قالیبافب: ایران نہ جنگ نہ امن کی کیفیت میں نہیں رہے گا

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران نہ جنگ نہ امن کی غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہے گا۔ امریکا اگر ایران کی سات منطقی شرائط تسلیم کرے تو معاہدے کا راستہ کھلا ہے، لیکن کسی نئی امریکی غلطی کی صورت میں جنگ کا دائرہ ایرانی مسلح افواج کی طاقت اور ارادہ طے کرے گا۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ عوام کی معیشت، روزگار اور مہنگائی کے مسائل کو ترجیح دیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، محمد باقر قالیباف نے اتوار کو پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے شہید کمانڈر حسن تہران مقدم اور دیگر شہدا کی برسی کے موقع پر قومی یومِ فضائیہ کی مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے نئی میزائل سٹی کی رونمائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم دفاعی منصوبہ جنگ کے دوران اور دشمن کی بمباری کے ماحول میں مکمل کیا گیا۔ ان کے بقول یہ محض ایک تکنیکی اور دفاعی کامیابی نہیں بلکہ خطے کے تزویراتی توازن میں تبدیلی کی علامت ہے۔

قالیباف نے کہا کہ سپاہ کی فضائیہ نے اسرائیل کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اور ایران کے عوام، خطے اور دنیا کی آزاد قوموں، بالخصوص فلسطین کے مظلوم بچوں کو امید اور عزت کا احساس دیا ہے۔

انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے لیے یہ اہم نہیں کہ امریکا مذاکرات چاہتا ہے یا جنگ۔ اگر واشنگٹن ایران کی سات منطقی شرائط قبول کر لیتا ہے تو معاہدے کا راستہ کھل سکتا ہے، لیکن اگر امریکا نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو جنگ کا جغرافیہ ایرانی مسلح افواج کی طاقت اور ارادہ طے کرے گا، نہ کہ امریکا کی خواہش۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نئی جنگ کے نتائج بہت سے فریقوں کو بھگتنا پڑیں گے۔

قالیباف نے امریکی وزیر خزانہ کے بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا لب و لہجہ ایران کی طاقت کے مقابلے میں امریکی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ فوجی محاذ کے ساتھ ساتھ ایران کی بنیادی جنگ پیداوار، روزگار اور عوام کے معاشی حالات کے تحفظ کی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ایسے مسائل ہیں جو محض تقاریر یا سرکاری احکامات سے حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ سے زائد عرصے تک ایک بڑی جنگ کا سامنا کرنے والے عوام کے گھریلو بجٹ اور قوتِ خرید کا تحفظ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

قالیباف کے مطابق بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے باعث ناگزیر ہو سکتا ہے، لیکن ایک ہی چیز کی مختلف قیمتیں مقرر ہونا مہنگائی نہیں بلکہ بازار کی نگرانی میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فوری اقدامات اور مؤثر نگرانی کے ذریعے اس صورتحال کو درست کریں۔

انہوں نے پارلیمنٹ کی صنعت و معدنیات، قانونی و عدالتی اور اقتصادی کمیٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بازار میں قیمتوں کی نگرانی میں ناکامی کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کے سامنے رپورٹ پیش کریں۔

قالیباف نے پٹرول اور توانائی کے عدم توازن کے معاملے پر کہا کہ یہ ایک تکنیکی اور قومی مسئلہ ہے جس کا حل اجتماعی دانش، ماہرین کی رائے اور عوامی تعاون سے نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ عوام کو اعتماد میں لے کر کیا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ شہریوں پر کم سے کم مالی دباؤ پڑے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو پٹرول کے معاملے پر مسلسل بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

آخر میں قالیباف نے صوبہ ایلام میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha